Multan

ملتان: سعودی عرب جانے کیلئے پرواز پر سوار 16 بھکاریوں کو آف لوڈ کردیا گیا

ملتان: سعودی عرب جانے کیلئے پرواز پر سوار 16 بھکاریوں کو آف لوڈ کردیا گیا
01 اکتوبر 2023

ایف آئی اے نے مسافروں کو مزید پوچھ گچھ اور قانونی کارروائی کے لیے گرفتار کر لیا
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ملتان ایئرپورٹ پر عمرہ زائرین کے بھیس میں سعودی عرب جانے والی پرواز پر سوار 16 مبینہ بھکاریوں کو اتار دیا۔
رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ایک بچہ، 11 خواتین اور 4 مردوں سمیت 16 افراد پر مشتمل گروہ عمرہ ویزوں پر سفر کر رہا تھا۔
ایف آئی اے حکام نے امیگریشن کے عمل کے دوران مسافروں سے پوچھ گچھ کی جنہوں نے اعتراف کیا کہ وہ خیرات مانگنے سعودی عرب جا رہے تھے۔ بھیک سے حاصل ہونے والی اپنی کمائی کا نصف سفری انتظامات میں مدد دینے والے ایجنٹوں کو دینا ہوگا، انہیں عمرہ ویزوں کی میعاد ختم ہونے کے بعد پاکستان واپس آنا تھا۔ایف آئی اے ملتان سرکل نے مسافروں کو مزید پوچھ گچھ اور قانونی کارروائی کے لیے گرفتار کر لیا۔
یہ گرفتاریاں سیکریٹری سمندر پار پاکستانی کی جانب سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اس انکشاف کے ایک روز بعد ہوئی ہیں کہ پاکستان سے بھکاریوں کی ایک بڑی تعداد غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جارہی ہے۔

سیکریٹری سمندر پار پاکستانی نے سینیٹ پینل کے سامنے انکشاف کیا تھا کہ بیرون ممالک سے پکڑے گئے بھکاریوں میں سے 90 فیصد کا تعلق پاکستان سے ہوتا ہے، عراقی اور سعودی سفیروں نے ان گرفتاریوں کی وجہ سے اپنی جیلیں بھر جانے کی شکایت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں