کویت میں آسٹرازینیکا ویکسین کی ایک خوراک لگوانے والوں کے لئے خاص خبر

ویکسی نیشن کا عمل تیز کرنے کے لئے آکسفورڈ آسٹرازینیکا کی دونوں خوراکوں کے درمیان وقفہ کم کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کویت وزارت صحت نے فیصلہ کیا ہے کہ آکسفورڈ-آسٹرازینیکا ویکسین کی دوسری خوراک تین ماہ کی بجائے پہلی خوراک کے چھ ہفتے بعد ہی دے دی جائے گی۔ شہریوں اور رہائشیوں نے گزشتہ چند دنوں میں اپنی دوسری خوراک کی تقرری کے لیے پیغامات وصول کرنا شروع کردیئے ہیں۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب کویت ایک ماہ کے اندر 70 فیصد آبادی کی قوت مدافعت کو حاصل کرنے کے لیے ویکسی نیشن مہم تیز کر رہا ہے۔ رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ وزارت صحت کو آکسفورڈ ویکسین کی ایک نئی کھیپ موصول ہوئی ہے جس میں تقریبا دس لاکھ خوراکیں موجود ہیں۔ دوسری جانب وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح نے ٹویٹر پر منگل کو کہا کہ کویت میں کوویڈ 19 کے لیے ویکسی نیشن 70 فیصد آبادی تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کورونا وائرس سے متعلقہ اموات ، انفیکشن اور اسپتال میں داخل ہونے میں مسلسل کمی کو نوٹ کیا اور قوت مدافعت تک پہنچنے کے لیے وائرس کے خلاف ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرتے ہوئے وزارت کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

ذرائع: کویت اردو نیوز

اپنا تبصرہ بھیجیں