انڈیا میں گلیشیئر ٹوٹنے سے 3 افراد ہلاک، 150 سے زائد لاپتہ.

انڈین ریاست اترکھنڈ کے دریائے دھولی گنگا میں گلیشیئر کے ٹوٹ کر گرنے سے سیلاب آ گیا جس کی وجہ سے تین افراد ہلاک اور 150 لاپتہ ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کو آئے اس سیلاب نے کئی پل اور سڑکیں تباہ کر دیے ہیں۔
پولیس کے مطابق تین لاشیں نکالی گئی ہیں اور باقیوں کی تلاش جاری ہیں۔
اترکھنڈ پولیس نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں دریا کے کنارے تین لاشیں ملی ہیں اور ہماری تازہ ترین معلومات کے مطابق 150 افراد لاپتہ ہو چکے ہیں، جن میں 16 سے 17 افراد ٹنل میں پھنسے ہیں۔‘
لاپتہ افراد میں سے زیادہ تر تپوون پاور پلانٹ میں تھے جو ایک ڈیم کے ساتھ ہے جو کہ گلیشیئر پھٹنے سے ٹوٹ گیا تھا۔
جبکہ امدادی کارکن کمپلیکس میں موجود ٹنل میں پھنسے 17 افراد تک پہنچنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ ٹنل ملبے سے بھرا ہوا ہے۔
خطرے کے پیش نظر دریا کے کنارے آباد بہت سے گاؤں خالی کروا لیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں