تیز رفتار کار مسجد الحرام کے دروازے سے ٹکرا گئی، ڈرائیور ’غیر معمولی حالت‘ میں گرفتار

سعودی عرب کے شہر مکہ میں تیز رفتار کار مسجد الحرام کے دروازے سے ٹکرا گئی، ڈرائیور ’غیر معمولی حالت‘ میں گرفتار
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ایک تیز رفتار کار مکہ میں موجود مسجد الحرام سے ٹکرائی ہے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سرکاری اطلاعات کے مطابق اس گاڑی میں ایک سعودی شہری سوار تھا اور یہ واقعہ جمعے کی شب 10 بج کر 30 منٹ کے قریب پیش آیا۔
واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ گاڑی سڑک پر موجود رکاوٹ سے ٹکرائی اور اسے عبور کر گئی۔ ڈرائیور گاڑی روکنے کے بجائے اسے چلاتا رہا جب تک گاڑی مسجد الحرام کے جنوبی حصے میں واقع ایک باہری دروازے سے نہیں ٹکرا گئی۔
پولیس نے کار میں موجود ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جو سرکاری اطلاعات کے مطابق ’غیر معمولی حالت‘ میں تھا۔ حکام نے اس کی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی گرفتار شخص کے متعلق مزید معلومات فراہم کی ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اس شخص کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جا چکا ہے۔
سرکاری چینل قرآن ٹی وی پر حادثے سے قبل اور بعد میں مسلمانوں کو خانہ کعبہ کا طواف کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ امکان ہے کہ اس دوران اندر موجود افراد حادثے سے لاعلم رہے۔

بحوالہ : کویت لوکل

اپنا تبصرہ بھیجیں