کویت میں چھت پھلانگنے کا شوقین لڑکا زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا

16 سال مصری لڑکا پارکر کھیل سے لطف اندوز ہونے کے دوران عمارت کی نویں منزل سے نیچے آن گرا

کویت ۔ پارکر یعنی چھتیں پھلانگنے کا کھیل دُنیا کے خطرناک ترین کھیلوں میں سے ایک ہے۔ ذرا سی اندازے کی غلطی اور بے احتیاطی زندگی سے محروم کر دیتی ہے۔ یورپ میں پارکر کے بہت سے ماہر کھلاڑی پائے جاتے ہیں، تاہم ان کی دیکھا دیکھی عرب ممالک میں بھی کئی نوجوان اس کھیل کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک نوجوان کویت میں کھیل کھیل میں اپنی جان گنوا بیٹھا۔کویتی میڈیا کے مطابق کویت میں مقیم ایک مصری لڑکا اپنے شوق کے ہاتھوں جان گنوا بیٹھا۔ پارکر (چھلانگیں لگانے کا کھیل) کا دیوانہ 16 سالہ لڑکا اپنے دو دوستوں کے ہمراہ عمارتوں کی چھتوں پر اس خطرناک کھیل سے لطف اندوز ہو رہا تھا۔ اسی دوران ایک چھلانگ کے دوران اس کا توازن بگڑا اور وہ عمارت کی چھت پر سے نویں منزل سے نیچے آ گرا۔

لڑکے کے دوستوں نے فوری طور پر عمارت کے چوکیدار کو اس واقعے سے آگاہ کیا جس نے وزارت داخلہ کے متعلقہ شعبے کو اطلاع دی۔کچھ ہی دیر میں گشت کرنے والی سیکورٹی گاڑیاں اور ایمبولینس جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ تاہم معائنے پر یہ بات سامنے آئی کہ مصری لڑکا گرنے کے بعد ہی دم توڑ گیا تھا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ایک مصری خاوند نے اپنی بیوی کو اس بناء پر پانچویں منزل سے دھکا دے دیا تھا کہ اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا۔ اس انوکھے واقعے نے مصری عوام کے دل دہلا کر رکھ دیئے ہیں۔مصری خاوند کو جب پتا چلا کہ اس کی بیوی کورونا کا شکار ہو گئی ہے تو اس نے اس سے ہمدردی کرنے کی بجائے لڑائی جھگڑا کرنا شروع کر دیا۔ یہ لڑائی جھگڑااتنا بڑھا کہ خاوند نے اپنی کورونا زدہ بیوی کوپانچویں منزل پر واقع فلیٹ کی کھڑکی سے پھینک دیا۔ بیچاری خاتون اُونچائی سے گرنے کے باعث شدیدزخمی ہو گئی۔ جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ڈاکٹروں نے بتایا کہ مریضہ کی ریڑھ کی ہڈی جگہ جگہ سے ٹوٹ گئی ہے اور اس کی حالت انتہائی نازک ہے۔ پولیس نے مریضہ سے پوچھ گچھ کے بعد اس درندگی کا ارتکاب کرنے والے مصری خاوند کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار خاوند نے پولیس کے رُوبرو بتایا کہ ان کے درمیان پہلے بھی ازدواجی اختلافات چل رہے تھے، تاہم جب اسے پتا چلا کہ اس کی بیوی کو کورونا بھی ہو گیا ہے تو وہ غضب ناک ہو گیا کہ شاید اس کی وجہ سے وہ بھی کورونا کا شکار بن گیا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں